امریکا نے نیٹو اتحادیوں سے پالیسیوں پر حمایت کا سوالنامہ طلب کرلیا

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے نیٹو اتحادی ممالک سے امریکی پالیسیوں سے متعلق ان کی حمایت اور تعاون جانچنے کے لیے ایک سوالنامہ طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوالنامے میں اتحادی ممالک سے امریکی فوج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت، امریکی دفاعی کمپنیوں سے خریداری اور یورپی سطح پر دفاعی مصنوعات تیار کرنے کی پالیسی سمیت مختلف امور پر مؤقف دریافت کیا گیا ہے۔
امریکی انتظامیہ نے نیٹو ممالک کے دفاعی بجٹ اور امریکی کمپنیوں سے دفاعی سازوسامان کی خریداری سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بعض یورپی اتحادیوں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکی سکیورٹی تعاون کے بدلے سیاسی اور نظریاتی ہم آہنگی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے، جسے رواں سال دسمبر تک مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔
دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رٹے نے امریکی جائزے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے اتحادی ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کی یورپ میں فوجی موجودگی سے متعلق جائزے وقتاً فوقتاً کیے جانے چاہئیں۔









