
آئل آف مین کی جوآن ہکس نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، 50 سال کی عمر کے بعد پانچ وکٹیں لینے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔
کرکٹ کی دنیا میں عمر کی کوئی حد نہیں، اس بات کو آئل آف مین کی 51 سالہ کرکٹر جوآن ہکس نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا۔
جوآن ہکس نے یونان کے خلاف ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں غیر معمولی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث یونان کی پوری ٹیم 15 اوورز میں محض 52 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آئل آف مین نے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 6 اوورز میں کامیابی حاصل کرلی۔
دائیں ہاتھ سے آف اسپن باؤلنگ کرنے والی جوآن ہکس نے 47 برس کی عمر میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک 29 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں آئل آف مین کی نمائندگی کرچکی ہیں، جن میں ان کے نام 36 وکٹیں ہیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 4.12 رہا ہے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہکس نے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ عمر میں پانچ وکٹیں لینے کا 94 سال پرانا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے برٹ آئرن مونگر کے پاس تھا، جنہوں نے 1932 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 49 سال اور 314 دن کی عمر میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
جوآن ہکس اس سے پہلے خواتین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ عمر میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ ان کے سابقہ دونوں پانچ وکٹوں کے اسپیل 49 سال کی عمر میں آئے تھے۔
حالیہ کارنامے کے بعد جوآن ہکس نے نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کی انٹرنیشنل کرکٹ کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہ 50 سال کی عمر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔









