200 سال سے سائنس دانوں کو الجھن میں رکھنے والی تتلی کا راز بے نقاب، نئی نوع دریافت

وینزویلا: وسطی اور جنوبی امریکا کے جنگلات میں پائی جانے والی تتلیوں کی ایک نسل کے بارے میں تقریباً دو صدیوں سے قائم سائنسی تصور نئی تحقیق کے بعد تبدیل ہوگیا ہے۔ ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ جن تتلیوں کو ایک ہی نوع سمجھا جاتا تھا، وہ درحقیقت تین مختلف انواع پر مشتمل ہیں۔
فلوریڈا میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے محققین نے ڈی این اے، پروں کی ساخت، سنڈیوں کے جسم پر موجود نشانات اور الٹرا وائلٹ روشنی کے تجزیے کے ذریعے ان تتلیوں کی الگ الگ شناخت کی ہے۔ تحقیق کے دوران ایک ایسی نوع بھی سامنے آئی ہے جسے پہلے باقاعدہ طور پر شناخت نہیں کیا گیا تھا۔
سائنس دانوں نے نئی دریافت ہونے والی تتلی کو کولوبورا کرپٹیکا (Colobura cryptica) کا نام دیا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے زوٹیکسا میں شائع ہوئے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ان تتلیوں کی ظاہری شکل ایک دوسرے سے بہت ملتی جلتی ہے، جس کی وجہ سے طویل عرصے تک انہیں ایک ہی نوع تصور کیا جاتا رہا۔ تاہم ان کے جینیاتی تجزیے اور دیگر جسمانی خصوصیات نے ثابت کیا کہ ان میں نمایاں فرق موجود ہیں۔
اس حوالے سے اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب محققین کو وینزویلا میں ایک درخت کے پتوں پر تتلیوں کی سنڈیاں نظر آئیں۔ ان سنڈیوں کے جسم پر موجود نشانات پہلے سے معلوم انواع سے مختلف تھے، جس نے سائنس دانوں کو مزید تحقیق پر آمادہ کیا۔
بعد ازاں محفوظ شدہ نمونوں کا جائزہ لینے پر تتلیوں کے پروں کے نچلے حصے میں ایسی روشنی منعکس کرنے کی صلاحیت سامنے آئی جو عام انسانی آنکھ سے دکھائی نہیں دیتی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ تینوں انواع الٹرا وائلٹ روشنی مختلف طولِ موج پر منعکس کرتی ہیں۔ نئی دریافت ہونے والی نوع میں یہ مقدار 344 نینو میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر دو انواع میں بالترتیب 376 اور 370 نینو میٹر تھی۔
الٹرا وائلٹ روشنی انسانوں کو نظر نہیں آتی، تاہم کئی حشرات اسے محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی خصوصیت تتلیوں کی شناخت اور باہمی رابطے کے حوالے سے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
محققین کے مطابق تینوں انواع کی سنڈیوں کے جسم پر موجود نشانات بھی مختلف ہیں۔ کہیں آنسو جیسی شکل کے نشانات پائے گئے، کہیں حلقہ نما نقش جبکہ نئی نوع کی سنڈیوں میں مخصوص کریم رنگ کے نشانات موجود نہیں تھے۔
اس دریافت کے بعد سائنس دان اب یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ تینوں انواع ایک ہی جنگلاتی ماحول میں رہتے ہوئے اپنی الگ شناخت اور افزائش نسل کا نظام کیسے برقرار رکھتی ہیں۔
ابتدائی مشاہدات سے اشارہ ملتا ہے کہ ان تتلیوں کی رہائش جنگل کے مختلف حصوں میں ہو سکتی ہے۔ ایک نوع زیادہ تر جنگل کے نچلے حصے میں دیکھی گئی، جبکہ دیگر دو انواع درختوں کی بلند شاخوں میں پائی جاتی ہیں۔
ماہرین نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ تتلیاں اپنے پروں سے منعکس ہونے والی الٹرا وائلٹ روشنی کے ذریعے اپنی ہی نوع کے ساتھیوں کو پہچانتی ہوں، تاہم اس مفروضے کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ جدید سائنسی طریقوں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے قدرت میں موجود ایسی انواع کی شناخت بھی ممکن ہے جو طویل عرصے تک ماہرین کی نظروں سے اوجھل رہیں۔









