شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 16 دہشت گرد مارے گئے، پاک فوج کے 2 جوان شہید

0
41
شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 16 دہشت گرد مارے گئے، پاک فوج کے 2 جوان شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 16 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کیں۔ ان آپریشنز میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 16 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں سب سے بڑی کارروائی کی گئی جہاں 12 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ میرعلی اور دتہ خیل میں دو، دو خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں فتنۃ الخوارج سے وابستہ دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔ شہداء کی شناخت حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کے نام سے ہوئی ہے۔

43 سالہ حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔ دونوں جوانوں نے ملک کے دفاع میں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان کے مطابق کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے عناصر شہریوں کے قتل اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں اور ملک میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a reply