128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی، آئی سی سی نے لاس اینجلس 2028 کے لیے کوالیفکیشن نظام کا اعلان کر دیا

0
16
128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی، آئی سی سی نے لاس اینجلس 2028 کے لیے کوالیفکیشن نظام کا اعلان کر دیا

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کے لیے کوالیفکیشن نظام اور ٹورنامنٹ فارمیٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ 128 سال بعد اولمپکس میں شامل ہونے والی کرکٹ کے مردوں اور خواتین کے ٹی20 مقابلوں میں چھ، چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق پانچ ٹیمیں موجودہ عالمی مقابلوں اور ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر براہِ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ چھٹی اور آخری ٹیم کا فیصلہ پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 کے ذریعے کیا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے کم از کم ایک، ایک ٹیم کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے۔ خواتین کے ایونٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا ابتدائی طور پر اپنے اپنے براعظم کی نمائندہ ٹیموں کے طور پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز ایک مشترکہ کرکٹ ٹیم ہونے کی وجہ سے اولمپکس میں براہِ راست شرکت کی اہل نہیں ہوگی، کیونکہ اسے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نیشنل اولمپک کمیٹی کے طور پر تسلیم نہیں کرتی۔ تاہم مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں کیریبین خطے کے لیے علیحدہ کوالیفائنگ ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔

میزبان ملک امریکا کو بھی مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس میں شرکت کا موقع مل سکتا ہے، بشرطیکہ متعلقہ ٹیم مقررہ مدت کے دوران آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں ٹاپ 15 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو۔

آئی سی سی کے مطابق اولمپکس کوالیفائر 2027 میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے لیے آٹھ، آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخوں اور میزبان ملک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اولمپکس میں شریک ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کرے گی۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جس کے بعد گروپ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں گولڈ میڈل جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں برانز میڈل کے لیے مقابلہ کریں گی۔

مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں مجموعی طور پر 28 میچز کھیلے جائیں گے، جن کی میزبانی پومونا میں خصوصی طور پر تعمیر کیے جانے والے کرکٹ اسٹیڈیم میں کی جائے گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس پیش رفت کو کرکٹ کی عالمی ترقی کے لیے تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اولمپکس میں واپسی سے کھیل کو نئی منڈیوں اور نئے شائقین تک پہنچانے میں مدد ملے گی، جبکہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ یہ موقع دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ اور اولمپک تحریک سے مزید شائقین کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Leave a reply