یکم جولائی سے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی

0
19
یکم جولائی سے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی

اسلام آباد: حکومت نے پاسپورٹ خدمات کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں فیس وصولی کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے انتظامات کے تحت یکم جولائی 2026 سے پاسپورٹ فیس نقد رقم کی صورت میں وصول نہیں کی جائے گی۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہری اب پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل ذرائع سے، خصوصاً کیو آر کوڈ کے ذریعے، انجام دیں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مالیاتی لین دین میں شفافیت بڑھانا، فیس جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا اور پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی فراہمی کو مزید تیز اور مؤثر بنانا ہے۔

اجلاس میں شہریوں کے رش کو کم کرنے اور سہولیات میں بہتری لانے کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لینے کے لیے مانیٹرنگ کا مؤثر نظام نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے نہ صرف عوام کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ پاسپورٹ کے اجرا کے عمل میں بھی مزید بہتری اور تیزی آئے گی۔

Leave a reply