یو اے ای کے ویزا آن ارائیول پالیسی میں توسیع، مزید ممالک کے شہری مستفید ہوں گے

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنی ویزا آن ارائیول پالیسی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے اس کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق اب چند مزید ممالک کے شہری بھی مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں امارات پہنچنے پر ایئرپورٹ سے ویزا حاصل کر سکیں گے۔
نئی پالیسی 25 جون 2026 سے نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے عام پاسپورٹ رکھنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ ویزا آن ارائیول کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ ان کے پاس منظور شدہ ممالک میں سے کسی ایک کا کارآمد ویزا یا رہائشی پرمٹ موجود ہو۔ بصورت دیگر انہیں سفر سے قبل باقاعدہ ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
حکام نے بھارتی شہریوں کے لیے پہلے سے موجود سہولت برقرار رکھتے ہوئے منظور شدہ ممالک کی فہرست میں نیوزی لینڈ، جاپان، سنگاپور اور جنوبی کوریا کو بھی شامل کر دیا ہے۔ اس سے قبل امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا اور کینیڈا اس فہرست میں شامل تھے۔
ویزا کی مدت مختلف ممالک اور اہلیت کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔ بعض مسافروں کو 14 دن، جبکہ دیگر کو 30، 60 یا 90 دن تک قیام کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق پاکستان، بنگلہ دیش، مصر اور نیپال کے شہری بھی، اگر ان کے پاس امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا یا کینیڈا کا درست اور فعال ویزا موجود ہو، تو امارات پہنچنے پر 30 روزہ ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
امیگریشن حکام کے مطابق ویزا آن ارائیول کے لیے کسی ایجنٹ یا تیسرے فریق کی ضرورت نہیں۔ مسافر دبئی، ابوظہبی یا شارجہ کے ایئرپورٹس پر پاسپورٹ کنٹرول کاؤنٹر سے براہ راست یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے پاسپورٹ کی کم از کم چھ ماہ کی میعاد، واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل بکنگ یا رہائش کا ثبوت، اور مالی وسائل کا ثبوت پیش کرنا ضروری ہوگا۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ہر اضافی دن پر 50 درہم جرمانہ عائد ہوگا۔ جو افراد ویزا آن ارائیول کی شرائط پوری نہیں کرتے، وہ سفر سے قبل آن لائن 30 یا 60 روزہ سیاحتی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔









