ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر منگنی، روسی جوڑا گرفتار

0
10
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر منگنی، روسی جوڑا گرفتار

امریکا کے شہر نیویارک میں واقع مشہور عمارت ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر ایک روسی جوڑے کی غیر مجاز چڑھائی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ دونوں افراد عمارت کے ٹرانسمیشن ٹاور کی بلند ترین سطح تک پہنچے، جہاں انہوں نے امن کا پیغام دیا اور بعد ازاں منگنی بھی کر لی۔ تاہم نیچے اترنے کے بعد نیویارک پولیس نے انہیں قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق انجیلا نیکولاؤ اور وانیا بیرکس سیاہ لباس اور نقاب پہن کر عمارت کے ممنوعہ حصے تک پہنچے۔ وہاں انہوں نے ایک بینر آویزاں کیا، جس پر محبت اور امن سے متعلق ایک مشہور قول درج تھا، اور اپنی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں۔

واقعے کے دوران آبزرویشن ڈیک پر موجود سیاح دونوں کو انتہائی بلندی پر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ بعد میں ایک پلیٹ فارم پر وانیا بیرکس نے انجیلا نیکولاؤ کو شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

یہ جوڑا سوشل میڈیا پر بلند عمارتوں اور پلوں پر خطرناک مہمات انجام دینے کی وجہ سے پہلے ہی شہرت رکھتا ہے۔ ان کی زندگی پر 2024 میں ایک دستاویزی فلم بھی ریلیز کی جا چکی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر عمارت کا آبزرویشن ڈیک خالی کرا دیا، اطراف کی چند سڑکیں عارضی طور پر بند کیں اور فضائی نگرانی بھی کی۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد نے گرفتاری کے دوران کوئی مزاحمت نہیں کی، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ ممنوعہ حصے تک کیسے پہنچے۔

ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی انتظامیہ نے اس اقدام کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت میں شادی کی پیشکش کے لیے باقاعدہ اور محفوظ انتظامات پہلے سے موجود ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹرانسمیشن ٹاور پر بغیر تربیت اور حفاظتی سامان کے چڑھنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ وہاں نشریاتی آلات اور طاقتور برقی لہریں موجود ہوتی ہیں، جبکہ معمولی غلطی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

ادھر انجیلا نیکولاؤ کے والد نے اپنی بیٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی سرکس کے شعبے سے وابستہ رہے ہیں، اس لیے انہیں اس قسم کی بلندیوں پر کام کرنا غیر معمولی نہیں لگتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر چڑھنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ بعض مواقع پر متعلقہ افراد کو خصوصی اجازت حاصل تھی، جبکہ دیگر واقعات میں قانونی کارروائی کی گئی۔

Leave a reply