یورو وژن 2026 میں اسرائیل کی شرکت پر سوئس گلوکار نیمو کا احتجاج، ٹرافی واپس کرنے کا اعلان

یورو وژن 2024 کے فاتح سوئٹزرلینڈ کے گلوکار نیمو نے آئندہ یورو وژن مقابلے میں اسرائیل کی شرکت کی اجازت پر سخت ردِ عمل دیتے ہوئے اپنی جیتی ہوئی ٹرافی واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
نیمو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کے آزاد بین الاقوامی کمیشن کی رپورٹ میں اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نسل کشی کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں، ایسے میں اسرائیل کو یورو وژن 2026 میں شامل کرنا یورپی براڈکاسٹرز یونین کی پالیسی کے منافی ہے۔
اپنے پیغام میں نیمو نے واضح کیا کہ بطور احتجاج وہ یورو وژن 2024 کی ٹرافی واپس کر رہے ہیں تاکہ اس فیصلے کے خلاف اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کرسکیں۔
یاد رہے کہ یورو وژن 2026 آئندہ مئی میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد کیا جائے گا۔ اسرائیل کی شرکت کی اجازت کے فیصلے کے بعد اسپین، آئرلینڈ، ہالینڈ، سلووینیا اور آئس لینڈ پہلے ہی مقابلے کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔








