گھر پر بنائیں کیفے جیسی گاڑھی اور کریمی کولڈ کافی

گرمیوں میں ٹھنڈی کولڈ کافی پینا ہر کسی کو پسند ہوتا ہے، خاص طور پر جب وہ کیفے جیسی گاڑھی، جھاگ دار اور کریمی ہو۔ اکثر لوگ گھر پر کولڈ کافی بناتے وقت یہ شکایت کرتے ہیں کہ کافی پتلی ہو جاتی ہے اور بازار والا ذائقہ نہیں آتا، حالانکہ اصل فرق اجزاء سے زیادہ بنانے کے طریقے میں ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کیفے اسٹائل کولڈ کافی تیار کرنے کے لیے فل فیٹ ٹھنڈا دودھ استعمال کرنا بہترین رہتا ہے کیونکہ اس میں موجود چکنائی کافی کو کریمی اور ملائم بناتی ہے۔ اس کے علاوہ کافی، دودھ، چینی اور برف کو کم از کم 30 سے 40 سیکنڈ تک اچھی طرح بلینڈ کرنا ضروری ہے تاکہ اس میں جھاگ پیدا ہو اور کافی ہلکی اور فومی بن سکے۔
ذائقے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ونیلا آئس کریم کا ایک اسکوپ شامل کیا جا سکتا ہے، جس سے کافی زیادہ گاڑھی اور مزیدار ہو جاتی ہے۔ ایک اور مفید طریقہ یہ ہے کہ سادہ برف کے بجائے کافی سے بنائے گئے آئس کیوبز استعمال کیے جائیں تاکہ برف پگھلنے کے بعد بھی کافی کا ذائقہ اور گاڑھا پن برقرار رہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چند آسان تکنیکوں پر عمل کر کے بغیر کسی مہنگے سامان کے گھر پر بھی کیفے جیسی بہترین کولڈ کافی تیار کی جا سکتی ہے۔









