
مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے اب صارفین تحریری ہدایات یا اپنی فراہم کردہ تصاویر کی مدد سے متحرک GIF تصاویر تیار کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی کسی عام تصویر کو اینیمیٹڈ شکل دے سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں صرف تصویر اپ لوڈ کرکے یہ بتانا ہوگا کہ وہ اس میں کس قسم کی حرکت یا تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔
صارفین تصویر فراہم کیے بغیر بھی اپنی پسند کا کوئی منظر تحریری طور پر بیان کرکے GIF تیار کروا سکیں گے۔
اس سہولت کے تحت تیار ہونے والی اینیمیٹڈ تصاویر کی پلے بیک رفتار سمیت دیگر خصوصیات میں بھی تبدیلی کی جا سکے گی، جس سے صارفین کو اپنی پسند کے مطابق نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
نئے امیج جنریشن ماڈل میں تصاویر بنانے کی رفتار بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ سابقہ ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ تیزی سے تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس فیچر کی دستیابی سے صارفین کو معمولی نوعیت کی اینیمیٹڈ تصاویر بنانے کے لیے الگ GIF ایڈیٹنگ ٹولز استعمال کرنے کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس سہولت کو دنیا بھر کے صارفین تک پہنچانے کا عمل جاری ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے اضافی ماہانہ فیس ادا کرنا ضروری نہیں ہوگی۔









