
ماہرینِ غذائیت کے مطابق گرمیوں میں سرخ پیاز کا استعمال جسم کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ سرخ پیاز کو عموماً سلاد کے طور پر کھایا جاتا ہے، تاہم تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ صحت کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی عام علامات میں زیادہ پسینہ آنا، سر درد، چکر آنا، متلی، دل کی دھڑکن تیز ہونا اور جلد کا سرخ ہوجانا شامل ہیں۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ پیاز میں پروٹین، فینولک مرکبات، فلیونوئیڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جو جسم کو گرمی کے مضر اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق سرخ پیاز میں پانی اور الیکٹرولائٹس کی مقدار بھی مناسب ہوتی ہے، جس سے جسم میں پانی کی کمی کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں اس کا استعمال نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھنے اور آنتوں کو متاثر ہونے سے بچانے میں بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہر غذائیت کے مطابق سرخ پیاز کو گرمیوں میں کچی شکل میں کھانا مفید ہے، کیونکہ یہ معدے کے نظام کو متوازن رکھنے اور جسم پر گرمی کے منفی اثرات کم کرنے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔









