
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کیبن کریو کے لیے ضابطہ اخلاق میں مزید سختی کرتے ہوئے سامان اور تمباکو نوشی سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت فضائی میزبانوں کو دورانِ ڈیوٹی اور ہوٹل میں قیام کے دوران سگریٹ، سگار، پائپ، تمباکو اور اس سے متعلق دیگر اشیاء اپنے ذاتی سامان میں رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ تاہم کسٹمز قوانین کے مطابق مخصوص تعداد میں سگریٹ رکھنے کی اجازت برقرار رہے گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیبن کریو کے تمام ارکان پر ان قواعد پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ ہدایات کے مطابق اگر کوئی ملازم پالیسی کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اسے فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا کر معطل کیا جا سکتا ہے، جبکہ بعد ازاں اس کے خلاف ضابطے کے مطابق انکوائری بھی کی جائے گی۔
انتظامیہ نے تمام متعلقہ عملے کو نئی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔









