پیٹرول ریلیف اسکیم: اسلام آباد سے لاکھوں ایس ایم ایس، 43 ہزار سے زائد افراد رجسٹرڈ

اسلام آباد: وزیراعظم کی جانب سے کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم میں اسلام آباد سے 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزاروں کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے رجسٹریشن اور ریلیف کی فراہمی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے غیر کمرشل مالکان کو مالی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کے لیے شہریوں سے صرف چار بنیادی معلومات طلب کی جائیں گی، جن میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔
وزیراعظم نے رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو شہریوں کی رہنمائی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکومت کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کا آغاز 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی رات سے کیا گیا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول ریلیف کی سہولت دستیاب ہوگی۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام، عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں کو رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل مکمل کرنے میں معاونت فراہم کریں۔ اس مقصد کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہم بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکیج کے لیے 75 ارب روپے کی گرانٹ منظور کرلی ہے۔
منظور شدہ پیکیج کے تحت موٹر سائیکل اور رکشا صارفین کو ہر ہفتے 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو ہر 10 دن بعد 1000 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق یہ سہولت صرف غیر کمرشل صارفین کے لیے ہوگی اور ایک شخص یا مالک صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف حاصل کرسکے گا۔
اسکیم سے متعلق مزید معلومات حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔









