پیٹرولیم شعبے کی ڈی ریگولیشن کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

0
5
پیٹرولیم شعبے کی ڈی ریگولیشن کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم شعبے کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کے لیے واضح اہداف اور ٹائم لائن پر مبنی جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں آئل سیکٹر کی اصلاحات، قیمتوں کے تعین کے نظام اور مرحلہ وار ڈی ریگولیشن سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں روزانہ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مجوزہ فارمولے کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ اس سے قیمتوں کے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور غیر ضروری اتار چڑھاؤ میں کمی آئے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے ہدایت کی کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرولیم سپلائی چین کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنائیں تاکہ ایندھن کی نقل و حمل، ذخیرہ، سپلائی اور فروخت کا نظام زیادہ شفاف اور قابل نگرانی بنایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اوگرا کی ویب سائٹ پر روزانہ پیٹرولیم قیمتوں، پرائسنگ فارمولے اور متعلقہ ڈیٹا پر مشتمل ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین، سرمایہ کاروں اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات دستیاب ہوں گی۔

کمیٹی نے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر، پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ، نئی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے قیام پر پابندی کے اثرات اور فریٹ مارجن پول کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی کہ ایف بی آر اور پیٹرولیم ڈویژن سے مشاورت کے بعد ونڈ فال ٹیکس سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پیٹرولیم شعبے میں شفافیت، مسابقت، کارکردگی اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع اصلاحاتی روڈ میپ پر کام جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply