
ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد ان کے ایک نئی خاتون کے ساتھ تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کو لندن میں ایک خاتون کے ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف دعوے کرنا شروع کر دیے۔ بعد ازاں متعدد صارفین نے خاتون کی شناخت وینی کے نام سے کی، جو ایک گلوکارہ اور نغمہ نگار بتائی جاتی ہیں۔
وائرل تصاویر میں آریان خان اور وینی کو مبینہ طور پر لندن کے ایک مقام سے ایک ساتھ نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں سیاہ رنگ کے ملبوسات میں نظر آئے، جس پر مداحوں نے مختلف تبصرے کیے۔
اس معاملے نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب وینی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لندن سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے شہر سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں کہ دونوں ایک ہی وقت میں لندن میں موجود تھے۔
صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ آریان خان اور وینی انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرتے ہیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے تعلق کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آریان خان کا نام مختلف شخصیات کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے، لیکن ان خبروں کی کبھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔ موجودہ معاملے میں بھی سامنے آنے والی تمام معلومات سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔








