پاکستان کی پہلی خاتون اسٹیٹ بینک گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

0
119
پاکستان کی پہلی خاتون اسٹیٹ بینک گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر اور ممتاز ماہرِ معیشت ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا انتقال حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔ واقعے کے وقت وہ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں موجود تھیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی 14ویں گورنر کے طور پر عہدہ سنبھالا اور وہ اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ ان کا شمار ملک کی نمایاں معاشی شخصیات میں ہوتا تھا۔
مرحومہ مختلف اہم قومی و بین الاقوامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکی تھیں۔ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن رہیں جبکہ اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون کی مشیر کے طور پر بھی کام کر چکی تھیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد سے حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی سے اکنامکس میں بی اے، قائد اعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس کیا۔ بعد ازاں یونیورسٹی آف سسیکس سے ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے اور برطانیہ کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

Leave a reply