پاکستانی ترانے کے لیے برطانوی گلوکارہ نے ایسا کیا کیا کہ سب حیران رہ گئے؟

0
14
پاکستانی ترانے کے لیے برطانوی گلوکارہ نے ایسا کیا کیا کہ سب حیران رہ گئے؟

لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل برطانوی گلوکارہ لورا رائٹ نے پاکستانی قومی ترانہ پیش کرکے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
لورا رائٹ نے اس موقع پر بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں قومی ترانہ پیش کیا، جسے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین نے سراہا۔ ان کی پرفارمنس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی۔
گلوکارہ نے بتایا کہ قومی ترانہ پیش کرنا ان کے لیے محض ایک پرفارمنس نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری تھی۔ اسی لیے انہوں نے ترانے کے الفاظ، تلفظ اور مفہوم کو درست طور پر سمجھنے کے لیے تقریباً چھ ماہ تک اردو زبان پر کام کیا۔
لورا رائٹ کے مطابق انہیں مختلف مواقع پر قومی ترانے گانے کا اعزاز مل چکا ہے، تاہم پاکستانی قومی ترانہ ان کے لیے خاصا چیلنجنگ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دعوت قبول کرنے سے قبل اس لیے سوچ میں پڑ گئی تھیں کہ وہ ترانے کو مکمل درستگی اور احترام کے ساتھ پیش کرنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش صرف ترانے کے بول یاد کرنا نہیں تھی بلکہ ہر لفظ کی صحیح ادائیگی اور مفہوم سمجھنا بھی ان کے لیے اہم تھا۔
پرفارمنس کے بعد پاکستانی صارفین کی جانب سے لورا رائٹ کی آواز اور انداز کو سراہا گیا، جبکہ بعض افراد نے ادائیگی کے حوالے سے اپنی آرا بھی پیش کیں۔
تاہم پاکستانی قومی ترانے کے لیے کئی ماہ تک اردو سیکھنے کی کوشش نے لورا رائٹ کی اس پرفارمنس کو خاص بنا دیا، جو لیڈز ٹیسٹ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی۔

Leave a reply