وزیرِاعظم شہباز شریف کا بیجنگ میں مصروف ترین سفارتی دن

0
5
وزیرِاعظم شہباز شریف کا بیجنگ میں مصروف ترین سفارتی دن

وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے دوران آج بیجنگ میں اہم مصروفیات کا سلسلہ جاری رہے گا، جہاں وہ اعلیٰ چینی قیادت سے متعدد سطحوں پر ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی ملاقات چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے متوقع ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
گریٹ ہال آف دی پیپلز آمد پر وزیرِاعظم کو روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، جبکہ چینی وزیراعظم ان کا باضابطہ استقبال کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر ملاقات ہوگی جس میں اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔
بعد ازاں وزیرِاعظم وفد کے ہمراہ تیانمن اسکوائر جائیں گے، جہاں وہ عوامی ہیروز کی یادگار پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔
اپنے دورے کے دوران شہباز شریف چینی سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات کو فروغ دینا ہے۔
مزید برآں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں اعلیٰ قیادت شریک ہوگی۔

Leave a reply