واٹس ایپ کا فراڈ سے بچاؤ کے لیے نیا اسکام الرٹ فیچر متعارف

0
24
واٹس ایپ کا فراڈ سے بچاؤ کے لیے نیا اسکام الرٹ فیچر متعارف

مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو ممکنہ فراڈ اور مشکوک پیغامات سے خبردار کرنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق “اسکام الرٹ” نامی یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں آزمائشی طور پر دستیاب کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد خاص طور پر ایسے پیغامات کے بارے میں صارفین کو بروقت آگاہ کرنا ہے جو کسی نامعلوم شخص کی جانب سے موصول ہوں اور ان میں فراڈ کا امکان موجود ہو۔

نئے نظام کے تحت ممکنہ خطرے کی صورت میں چیٹ کے اندر ہی ایک انتباہ ظاہر ہوگا۔ اس کے بعد صارف خود فیصلہ کرسکے گا کہ وہ متعلقہ نمبر کو بلاک اور رپورٹ کرنا چاہتا ہے یا پیغام کو قابلِ اعتماد سمجھتے ہوئے گفتگو جاری رکھنی ہے۔

واٹس ایپ کا یہ فیچر خودکار طور پر کسی رابطے کو بلاک نہیں کرے گا بلکہ صارف کو ممکنہ خطرے کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنی مرضی سے مناسب کارروائی کرسکے۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ سہولت اختیاری ہوگی اور ابتدائی طور پر بائی ڈیفالٹ فعال نہیں ہوگی۔ اینڈرائیڈ صارفین کو واٹس ایپ کی سیٹنگز میں موجود اکاؤنٹس کے سیکشن سے اسے فعال کرنا ہوگا، تاہم بیٹا مرحلے کے باعث آپشن کی دستیابی ہر صارف کے لیے یکساں نہیں ہوسکتی۔

میٹا کے مطابق اس فیچر میں ڈیوائس کے اندر موجود مشین لرننگ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ ممکنہ مشکوک پیغام کا تجزیہ فون پر ہی کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے پیغام کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔

اس طریقہ کار کا مقصد صارفین کی پرائیویسی برقرار رکھتے ہوئے ممکنہ فراڈ کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کرنا ہے، جبکہ چیٹس کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی حاصل رہے گا۔

واٹس ایپ اس نوعیت کی آن ڈیوائس ٹیکنالوجی دیگر سہولیات میں بھی استعمال کر رہا ہے، جن میں وائس میسجز کی ٹرانسکرپشن شامل ہے۔

فی الحال اسکام الرٹ محدود بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے عام صارفین کے لیے اس کے باضابطہ اجرا کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ ممکن ہے کہ آزمائش کامیاب ہونے کے بعد اسے مرحلہ وار مزید صارفین تک پہنچایا جائے۔

Leave a reply