واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، مسلح مشتبہ شخص زخمی حالت میں گرفتار

0
9
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، مسلح مشتبہ شخص زخمی حالت میں گرفتار

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب ایک اور سکیورٹی واقعہ پیش آیا ہے، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک مسلح مشتبہ شخص زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی خفیہ ادارے سیکرٹ سروس کے مطابق پیر کے روز معمول کی گشت کے دوران اہلکاروں نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھا جس کے پاس اسلحہ موجود تھا۔ جب اہلکار اس کے قریب پہنچے تو وہ موقع سے فرار ہونے لگا اور اسی دوران اس نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے وقت وائٹ ہاؤس کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی، جس کی وجہ سے عمارت کو مختصر وقت کے لیے لاک ڈاؤن میں رکھا گیا۔
سیکرٹ سروس حکام نے بتایا کہ حملہ آور وائٹ ہاؤس کے اندر داخل نہیں ہوا تھا بلکہ بیرونی علاقے میں موجود تھا۔ واقعے کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا اس واقعے کا کسی اعلیٰ سطحی حکومتی شخصیت کو نشانہ بنانے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

Leave a reply