ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

0
14
ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، جن کی شدت ہفتہ اور اتوار کے دوران مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پیر کے روز مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 سے 25 جولائی تک مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں 19 سے 23 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی آندھی اور بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہ سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 20 سے 22 جولائی کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی اور سندھ کی ساحلی پٹی پر آئندہ تین روز کے دوران جزوی ابر آلود موسم اور ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

Leave a reply