محمد نواز کے کیریئر پر بڑا دھچکا، ڈوپنگ کیس کا فیصلہ آ گیا

0
0
محمد نواز کے کیریئر پر بڑا دھچکا، ڈوپنگ کیس کا فیصلہ آ گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی ڈوپنگ ضابطے کی خلاف ورزی پر سزا سنائی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق فروری 2026 میں لیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ مادہ کاربوکسی-ٹی ایچ سی کی موجودگی پائی گئی۔
آئی سی سی کے بیان کے مطابق محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو کولمبو میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میچ کے بعد لیا گیا تھا۔ نتائج سامنے آنے کے بعد اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت تحقیقات شروع کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران محمد نواز نے ضابطے کی خلاف ورزی تسلیم کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ممنوعہ مادہ مقابلے سے باہر استعمال ہوا تھا اور اس کا مقصد کھیل میں کارکردگی بہتر بنانا نہیں تھا۔
ابتدائی طور پر ان پر تین ماہ کی نااہلی عائد کی گئی، تاہم یکم مئی 2026 سے رضاکارانہ عارضی معطلی قبول کرنے اور منشیات سے متعلق بحالی (ری ہیبیلیٹیشن) پروگرام میں شرکت پر رضامندی کے باعث سزا کم کرکے ایک ماہ کر دی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق محمد نواز عارضی معطلی کی مدت پہلے ہی مکمل کر چکے ہیں، اس لیے ان کی معطلی ختم کر دی گئی ہے۔ اگر وہ بحالی پروگرام کامیابی سے مکمل کرتے ہیں تو انہیں مزید کسی اضافی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں محمد نواز کی کارکردگی اور اس کے بعد یکم مئی 2026 تک کھیلے گئے تمام میچوں کے انفرادی نتائج بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل بھی چند کھلاڑی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پابندیوں کا سامنا کر چکے ہیں، جن میں شعیب اختر، محمد آصف اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

Leave a reply