مصنوعی ذہانت سے سائبر حملے، 100 سے زائد بڑی کمپنیوں کی ویبسائٹس نشانہ بن گئیں

0
27
مصنوعی ذہانت سے سائبر حملے، 100 سے زائد بڑی کمپنیوں کی ویبسائٹس نشانہ بن گئیں

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ہیکر نے مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظاموں کی مدد سے دنیا کی 100 سے زائد معروف کمپنیوں کی ویب سائٹس کو ہیک کیا۔ متاثرہ اداروں میں زرعی مشینری بنانے والی کمپنی ڈیر، گھریلو مصنوعات کی کمپنی شارک ننجا اور انجن ساز ادارہ کمنز شامل ہیں۔

سائبر سیکیورٹی فرم نار فورج کی تحقیق کے مطابق، ہیکر نے کیرن نامی اے آئی پلیٹ فارم کے ذریعے خودکار ایجنٹس کو ویب سائٹس کی خامیاں تلاش کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کی ہدایات دیں۔ ان نظاموں نے طویل وقت تک مسلسل کام کرتے ہوئے متعدد ویب سائٹس کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 ستمبر سے امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور جاپان میں 1200 سے زائد ویب سائٹس پر حملوں کی کوشش کی گئی۔ اس مہم میں ڈیپ سیک اور کلاڈ کوڈ جیسے اے آئی ٹولز استعمال ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

متاثرہ کمپنی ڈیر نے حساس معلومات محفوظ ہونے کی تصدیق کی، جبکہ شارک ننجا نے بتایا کہ اس کی پروڈکٹ سپورٹ ویب سائٹ متاثر ہوئی تھی اور مسئلے پر قابو پا لیا گیا۔ کمنز نے تھرڈ پارٹی وینڈر سے متعلق واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

ماہرین کے مطابق، اے آئی کے ذریعے خودکار سائبر حملے ڈیجیٹل سیکیورٹی کے لیے ایک نیا چیلنج ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

Leave a reply