مئی 2026 میں آسمان کا نایاب منظر: ایک ماہ میں دو مکمل چاند نظر آنے کا امکان

فلکیاتی ماہرین کے مطابق مئی 2026 ایک خاص اور دلچسپ آسمانی منظر پیش کرے گا، جب ایک ہی کیلنڈر ماہ میں دو مرتبہ مکمل چاند نمودار ہونے کی توقع ہے۔ اس دوسرے مکمل چاند کوعام طور پر بلو مون کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مئی 2026 کا پہلا مکمل چاند یکم مئی کو دیکھا گیا تھا، جبکہ دوسرا مکمل چاند 31 مئی کو آسمان پر ظاہر ہوگا۔ چونکہ ایک ہی مہینے میں دو بار پورا چاند نظر آ رہا ہے، اس لیے بعد میں آنے والے چاند کو “بلو مون” کا نام دیا جاتا ہے۔
فلکیاتی حساب کے مطابق عام طور پر ایک سال میں 12 مکمل چاند ہوتے ہیں، لیکن چاند کے اپنے گرد زمین کے چکر اور گریگورین کیلنڈر کے دنوں کے درمیان فرق کی وجہ سے بعض اوقات ایک اضافی مکمل چاند بھی سامنے آ جاتا ہے۔ اس طرح 2026 میں مجموعی طور پر 13 مکمل چاند دیکھے جانے کا امکان ہے۔
چاند زمین کے گرد تقریباً 29.5 دن میں ایک چکر مکمل کرتا ہے، جبکہ مہینوں کے دن اس دورانیے سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں ہوتے۔ اسی فرق کے باعث بعض برسوں میں ایک ہی مہینے کے اندر دو مکمل چاند دکھائی دے سکتے ہیں۔
مئی کے پہلے مکمل چاند کو روایتی طور پر Flower Moon کہا جاتا ہے، کیونکہ اس وقت بہار اپنے عروج پر ہوتی ہے اور مختلف علاقوں میں پھول کثرت سے کھلتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 31 مئی کو نظر آنے والا چاند مشرق کی سمت سے طلوع ہوگا اور آسمان میں نسبتاً نیچے دکھائی دے گا، جس کے باعث یہ منظر صاف موسم میں کھلی جگہ سے بہترطور پردیکھا جا سکےگا۔
فلکیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ موقع ایک خوبصورت اور نایاب مشاہدہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے وہ آسمان کی اس قدرتی ترتیب کو بہتر انداز میں دیکھ سکیں گے۔









