فیفا ورلڈ کپ 2026: 40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی ریکارڈ تعداد شرکت کے قریب

0
7
فیفا ورلڈ کپ 2026: 40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی ریکارڈ تعداد شرکت کے قریب

کینیڈا، امریکا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فٹ بال کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ قائم ہونے کا امکان ہے۔ رواں ٹورنامنٹ میں 40 سال یا اس سے زائد عمر کے آٹھ کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہوگا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 1930 سے 2022 تک ہونے والے تمام سابقہ عالمی کپ مقابلوں میں مجموعی طور پر صرف سات ایسے کھلاڑی شریک ہوئے تھے جن کی عمر 40 سال سے زیادہ تھی۔ اس طرح 2026 کا ایڈیشن عمر رسیدہ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی غیر معمولی موجودگی کے باعث نمایاں حیثیت اختیار کر سکتا ہے۔

ممکنہ طور پر اسکاٹ لینڈ کے تجربہ کار گول کیپر کریگ گورڈن، جن کی عمر 43 سال ہوگی، ایونٹ کے معمر ترین کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔ اگر انہیں کھیلنے کا موقع ملا تو وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین شریک کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب ارجنٹائن کے اسٹار کپتان لیونل میسی 38 سال کی عمر میں اپنا چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے کی جانب گامزن ہیں، جبکہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو 41 برس کی عمر میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے قریب ہیں۔ رونالڈو ٹورنامنٹ کے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑیوں میں شمار ہوں گے۔

کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرچ، بوسنیا کے اسٹرائیکر ایڈن ژیکو، جرمنی کے گول کیپر مینوئل نوئیر، یوراگوئے کے فرنینڈو موسلیرا، میکسیکو کے گیلرمو اوچوا اور کیپ وردے کے تجربہ کار گول کیپر ووزنہا بھی ان سینئر کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے معمر کھلاڑی کے طور پر مصر کے عصام الحضری کا ریکارڈ برقرار ہے، جنہوں نے 2018 کے عالمی کپ میں 45 سال کی عمر میں شرکت کی تھی۔

اسی طرح عالمی کپ فائنلز میں سب سے زیادہ عمر میں گول کرنے کا اعزاز کیمرون کے لیجنڈ روجر میلا کے پاس ہے، جنہوں نے 1994 کے ٹورنامنٹ میں 42 سال کی عمر میں گول کرکے تاریخ رقم کی تھی۔

ماہرین کے مطابق 2026 کے عالمی کپ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی نمایاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید فٹ بال میں فٹنس، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تیاری کے ذریعے کھلاڑی طویل عرصے تک اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Leave a reply