
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اپنے صارفین کے تجربے میں بڑی تبدیلی لانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت روایتی نیوز فیڈ کی جگہ ویڈیوز کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق Meta Platforms فیس بک کے ایک نئے انٹرفیس کی محدود سطح پر آزمائش کر رہی ہے۔ مجوزہ ڈیزائن میں ایپ کھولنے کے بعد صارفین کو ٹیکسٹ یا تصاویر پر مبنی پوسٹس کے بجائے ویڈیو مواد زیادہ نمایاں انداز میں دکھائی دے گا۔
اس نئے تجربے کا مقصد فیس بک کو مختصر ویڈیوز کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مطابق ڈھالنا اور TikTok اور YouTube Shorts جیسے پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے ویڈیو فرسٹ ڈیزائن کی آزمائش ابتدائی طور پر بھارت میں محدود صارفین پر کی جا رہی ہے۔ اس تجربے میں صارفین کو روایتی فیس بک فیڈ پر واپس جانے کا اختیار بھی دیا جا رہا ہے۔
نئے نظام میں پرانی طرز کی فیڈ مکمل طور پر ختم نہیں ہوگی بلکہ اسے ایپ کی نیوی گیشن میں ایک الگ اور ثانوی حصے کے طور پر برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔
فل اسکرین ویڈیو فیڈ کا تصور پہلے ہی مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارمز میں خاصا مقبول ہے، جہاں ایپ کھولتے ہی صارف کو مسلسل ویڈیوز دکھائی جاتی ہیں۔ فیس بک کی مجوزہ تبدیلی بھی اسی طرز کے تجربے سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ نیا ڈیزائن کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ اگر آزمائشی مرحلے کے نتائج مثبت رہے تو ممکنہ طور پر اسے مرحلہ وار دیگر ممالک تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔
فیس بک کی جانب سے اس حوالے سے عالمی سطح پر حتمی اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔









