
فٹبال کے ہر بڑے ٹورنامنٹ، چاہے وہ ورلڈ کپ ہو یا کوئی اور بین الاقوامی مقابلہ، میں ریفری کی جانب سے پیلا اور سرخ کارڈ دکھانا کھیل کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔ جب ریفری جیب کی طرف ہاتھ بڑھاتا ہے تو شائقین کی نظریں اسی بات پر ہوتی ہیں کہ باہر کون سا کارڈ آئے گا۔
یہ دونوں کارڈ دراصل کھلاڑیوں کے غیر مناسب، خطرناک یا قوانین کے خلاف رویے کی نشاندہی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ پیلا کارڈ ایک باضابطہ وارننگ ہوتا ہے، جبکہ سرخ کارڈ کا مطلب کھلاڑی کو فوری طور پر میدان چھوڑنا پڑتا ہے۔
کارڈ سسٹم کب متعارف ہوا؟
فٹبال میں رنگین کارڈز کا نظام نسبتاً جدید ہے۔ اس کا تصور سابق ریفری اور فیفا آفیشل سر کینتھ جارج آسٹن نے پیش کیا۔ انہیں یہ خیال چند متنازع بین الاقوامی میچوں کے بعد آیا، جن میں 1962 کے ورلڈ کپ میں چلی اور اٹلی کا سخت مقابلہ اور 1966 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان پیش آنے والا تنازع شامل تھا۔
اس سے پہلے ریفری صرف زبانی وارننگ دیتے تھے، جس سے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور شائقین کے لیے صورتحال کو سمجھنا اور ریکارڈ رکھنا مشکل ہو جاتا تھا۔
پیلا اور سرخ رنگ ہی کیوں؟
سر کینتھ آسٹن نے ٹریفک سگنلز سے متاثر ہو کر ان رنگوں کا انتخاب کیا۔ پیلا رنگ احتیاط اور خبردار رہنے کی علامت ہے، جبکہ سرخ رنگ مکمل طور پر رک جانے یا کھیل ختم ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
پہلی مرتبہ یہ نظام 1970 کے فیفا ورلڈ کپ میں نافذ کیا گیا، جس کے بعد سے یہ فٹبال قوانین کا مستقل حصہ ہے۔
پیلا کارڈ کن صورتوں میں ملتا ہے؟
پیلا کارڈ نسبتاً معمولی خلاف ورزیوں پر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد کھلاڑی میچ جاری رکھ سکتا ہے، تاہم ریفری اس کی تفصیلات اپنے ریکارڈ میں درج کرتا ہے۔
اگر ایک ہی میچ میں کسی کھلاڑی کو دو پیلے کارڈ مل جائیں تو وہ خودکار طور پر سرخ کارڈ میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور کھلاڑی کو میدان چھوڑنا پڑتا ہے۔ ایسی صورت میں ٹیم باقی میچ ایک کھلاڑی کم کے ساتھ کھیلتی ہے اور اس کی جگہ نیا کھلاڑی نہیں آ سکتا۔
بعض ٹورنامنٹس میں مسلسل مختلف میچوں میں مخصوص تعداد میں پیلے کارڈ حاصل کرنے پر بھی اگلے میچ کے لیے معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اس کی تفصیلات ہر مقابلے کے قواعد کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔
سرخ کارڈ کی اہمیت
سرخ کارڈ سنگین فاؤل، پرتشدد رویے یا انتہائی خطرناک خلاف ورزی پر دکھایا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کھلاڑی فوری طور پر میدان سے باہر ہو جاتا ہے اور اس کی جگہ متبادل کھلاڑی شامل نہیں کیا جا سکتا، جس سے ٹیم کو باقی مقابلہ ایک کھلاڑی کم کے ساتھ کھیلنا پڑتا ہے۔
زیادہ تر صورتوں میں سرخ کارڈ کے بعد اگلے میچ کی معطلی بھی ہوتی ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں سزا مزید بڑھ سکتی ہے۔
گول کیپر کے لیے کیا قانون ہے؟
اگر کسی گول کیپر کو سرخ کارڈ مل جائے تو ٹیم پھر بھی 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل جاری رکھتی ہے۔ اگر متبادل کھلاڑیوں کا کوٹہ باقی ہو تو ریزرو گول کیپر میدان میں آ سکتا ہے، بصورت دیگر میدان میں موجود کسی کھلاڑی کو گول کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالنا پڑتی ہے۔
گول کیپر کو سرخ کارڈ عموماً اس وقت دکھایا جاتا ہے جب وہ پنالٹی ایریا سے باہر جا کر مخالف کھلاڑی کو واضح گول کرنے کے موقع سے غیر قانونی طور پر روک دے۔
فٹبال میں پیلا اور سرخ کارڈ نہ صرف نظم و ضبط برقرار رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہیں بلکہ کھیل کو محفوظ، منصفانہ اور قوانین کے مطابق چلانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔









