فضائی سلامتی خطرات کے پیش نظر پنجاب میں نئی پابندیاں

0
1
فضائی سلامتی خطرات کے پیش نظر پنجاب میں نئی پابندیاں

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قائم پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ائیرپورٹس کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندیاں 30 روز کیلئے نافذ العمل ہوں گی۔

جاری اعلامیے کے مطابق تمام ائیر بیسز اور ہوائی اڈوں کے گرد 13 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر بازی، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات فلائٹ آپریشنز، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے ہیں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں فضائی پروازوں کیلئے خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ احکامات ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت جاری کیے ہیں، جبکہ پابندیوں کا اطلاق صوبے بھر کے تمام کمرشل ائیرپورٹس پر بھی ہوگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گوشت اور آلائشیں پرندوں کو ائیرپورٹس کے اطراف متوجہ کرتی ہیں، جس سے طیاروں اور مسافروں کی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی وجہ سے متعلقہ علاقوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply