فراری کی پہلی الیکٹرک کار ’لوچے‘ تنازعات کا شکار؛ مارکیٹ ویلیو گر گئی، ناقدین برہم

0
8
فراری کی پہلی الیکٹرک کار ’لوچے‘ تنازعات کا شکار؛ مارکیٹ ویلیو گر گئی، ناقدین برہم

لاہور (ویب ڈیسک): دنیا کی معروف لگژری کار ساز کمپنی ’فراری‘ (Ferrari) کی جانب سے پیش کی جانے والی پہلی مکمل الیکٹرک سپر کار ’لوچے‘ (Luce) رونمائی کے فوری بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے، جس کے باعث کمپنی کو بڑے مالیاتی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی فون کے سابق شہرہ آفاق ڈیزائنر سر جونی آئیو کے ڈیزائن کردہ اس ماڈل کا نام اطالوی زبان میں ‘روشنی’ رکھا گیا ہے۔ یہ فراری کی تاریخ کی پہلی 5 نشستوں (Seater) والی گاڑی ہے، جو محض 2.5 سیکنڈ میں 0 سے 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر (تقریباً 18 کروڑ پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
سرمایہ کاروں اور ماہرین کی شدید تنقید:
پوپ لیو اور اطالوی صدر کی موجودگی میں ہونے والی اس گرینڈ لانچنگ کے اگلے ہی دن فراری کے شیئرز میں 8 فیصد کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔ فراری کے سابق چیئرمین لوکا ڈی مونتیزیمولو نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیزائن فراری کی روایتی پہچان کو تباہ کر سکتا ہے، یہاں تک کہ انہوں نے گاڑی سے فراری کا مشہور ‘پریسنگ ہارس’ (اچھلتے گھوڑے کا لوگو) ہٹانے کا مشورہ دے دیا۔
ماہرین کے مطابق، کار کا بیرونی ڈھانچہ فراری کی روایتی اسپورٹس لُک سے مطابقت نہیں رکھتا اور الیکٹرک انجن ہونے کی وجہ سے اس میں فراری کی وہ مخصوص گرجدار آواز بھی غائب ہے جو اس برانڈ کی اصل پہچان ہے۔ اٹلی کے نائب وزیر اعظم ماتیو سالوینی نے بھی اس پر سوالات اٹھائے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا صارفین اس کا موازنہ سستی الیکٹرک گاڑیوں سے کر رہے ہیں۔
عالمی مارکیٹ کی صورتحال:
فراری کا یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں برقی گاڑیوں (EVs) کی طلب میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ فراری کی حریف کمپنی ’لیمبورگنی‘ نے اپنے الیکٹرک منصوبے منسوخ کر کے ہائبرڈ پر توجہ مرکوز کر دی ہے، جبکہ پورشے اور فورڈ بھی اپنے برقی منصوبے محدود کر چکے ہیں، کیونکہ انہیں چین کی سستی الیکٹرک گاڑیوں سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
دوسری جانب، فراری کے موجودہ سربراہ بینی ڈیٹو وینا نے تمام تنقید کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گاڑی کی قیمت اس کی جدت کے عین مطابق ہے اور خریدار اس میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

Leave a reply