
مکہ مکرمہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور سعودی عرب میں شہری و معاشی تنصیبات کو درپیش خطرات پر گفتگو کی گئی۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے مکہ معاہدے کے تحت ہونے والے ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ دونوں جانب سے ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔









