شدید گرمی میں ٹینکی کے پانی کو ٹھنڈا رکھنے کے آسان اور سستے گھریلو طریقے

0
8
شدید گرمی میں ٹینکی کے پانی کو ٹھنڈا رکھنے کے آسان اور سستے گھریلو طریقے

مئی کی شدید گرمی میں گھروں کی چھتوں پر نصب پانی کی ٹینکیاں اکثر حد سے زیادہ گرم ہو جاتی ہیں، جس کے باعث پانی نہانے اور پینے کے قابل نہیں رہتا۔ تاہم ماہرین کے مطابق چند آسان، سستے اور ماحول دوست طریقوں کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

گھریلو سطح پر اختیار کیے جانے والے ان طریقوں سے نہ صرف ٹینکی کے پانی کو ٹھنڈا رکھا جا سکتا ہے بلکہ شدید دھوپ کے باوجود درجہ حرارت کو معتدل بنائے رکھنا بھی ممکن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹینکی کے گرد جوٹ کے تھیلے لپیٹ کر ان پر دن میں ایک یا دو بار پانی چھڑکنے سے نمی پیدا ہوتی ہے، جو قدرتی طور پر ٹھنڈک فراہم کرتی ہے اور پانی کو گرم ہونے سے بچاتی ہے۔

اسی طرح ٹینکی کو سفید رنگ کرنے اور اس پر تھرمل انسولیشن شیٹس جیسے تھرموکول یا ایلومینیم فوائل لگانے سے سورج کی حرارت اندر داخل نہیں ہو پاتی، جس سے پانی نسبتاً ٹھنڈا رہتا ہے۔ یہ ایک بار کی لاگت ہے جو طویل عرصے تک فائدہ دیتی ہے۔

قدرتی سایہ بھی اس مسئلے کا مؤثر حل ہے۔ ٹینکی کے اوپر بانس کی چٹائی، لکڑی کا شیڈ یا گرین نیٹ کی تہیں لگا کر براہ راست دھوپ کو روکا جا سکتا ہے۔ اگر ان جالیوں پر بیل دار پودے چڑھا دیے جائیں تو ٹھنڈک میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

ایک روایتی طریقہ یہ بھی ہے کہ ٹینکی کے اردگرد اینٹوں کی دیوار بنا کر اس کے درمیان ریت بھر دی جائے۔ ریت بہترین انسولیٹر کا کام کرتی ہے اور نمی کو برقرار رکھ کر پانی کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تمام طریقے بغیر بجلی کے مؤثر ثابت ہوتے ہیں اور گرمیوں میں ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مددگار ہیں۔

Leave a reply