
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر باضابطہ طور پر اپنا اکاؤنٹ متعارف کروا دیا ہے، جس کے بعد ان کے مداحوں میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان طویل عرصے سے انسٹاگرام پر ایک خفیہ اکاؤنٹ کے ذریعے سرگرم تھے، تاہم اب انہوں نے اپنے نام سے آفیشل اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ اداکار نے اپنا اکاؤنٹ ’سیف علی خان پٹودی‘ کے نام سے متعارف کروایا ہے۔
اداکار نے اپنے نئے اکاؤنٹ پر ابتدائی طور پر اپنی ذاتی لائبریری سے ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اکاؤنٹ پر موجود پہلی پوسٹ کے ساتھ ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ کرینہ کپور خان بھی بطور پہلی فالوور نظر آئیں۔
واضح رہے کہ سیف علی خان ماضی میں انسٹاگرام کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ تقریباً دو سال قبل ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے فون میں انسٹاگرام موجود ہے اور وہ ایک خفیہ اکاؤنٹ بھی استعمال کرتے ہیں، تاہم انہیں اس پلیٹ فارم پر زیادہ وقت گزارنے میں خاص دلچسپی محسوس نہیں ہوتی۔
سیف علی خان کی جانب سے اب باضابطہ اکاؤنٹ متعارف کروانے کے بعد ان کے مداحوں کی توجہ اس جانب مرکوز ہوگئی ہے۔








