امریکا میں فضائی نظام شدید متاثر، ہزاروں پروازیں منسوخ، مسافروں کو مشکلات

0
53
امریکا میں فضائی نظام شدید متاثر، ہزاروں پروازیں منسوخ، مسافروں کو مشکلات

واشنگٹن: امریکا میں فضائی ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ بڑی تعداد میں تاخیر کا شکار ہوگئیں، جس سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ امریکی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی آپریشن بڑی حد تک معمول پر آجائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ ہفتے کی رات تک امریکا میں 6 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوچکی تھیں، جبکہ جمعے کو بھی ہزاروں پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے کہا ہے کہ فضائی نظام اب مستحکم ہے اور توقع ہے کہ اتوار کی رات تک پروازوں کا شیڈول بڑی حد تک بحال ہوجائے گا۔ انہوں نے متاثرہ مسافروں سے پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی۔

حکام کے مطابق جمعے کو ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً پانچ گھنٹے تک بیشتر فضائی سرگرمیاں معطل رہیں۔

ابتدائی طور پر اس واقعے میں سائبر حملے کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا، تاہم امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق تحقیقات میں ایک تکنیکی تنصیب کے دوران روٹرز کی تبدیلی کو ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ کام ایف اے اے کے کنٹریکٹر ادارے ایل تھری ہیرس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

شان ڈفی کا کہنا ہے کہ تفتیش کار اس بات کا تعین کررہے ہیں کہ آیا مسئلہ تنصیب کے دوران انسانی غلطی، تکنیکی کوتاہی یا روٹرز میں موجود کسی خرابی کے باعث پیدا ہوا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دو اپ ڈیٹ کیے گئے روٹرز میں خرابی سامنے آئی تھی، جن کی تنصیب ممکنہ طور پر آرکنساس اور ٹیکساس میں کی گئی تھی۔

امریکی حکام کے مطابق روٹرز میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث مواصلاتی نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑا اور اس کے اثرات دوسرے مراکز تک بھی پھیل گئے۔ ہر چار سے پانچ سیکنڈ کے دوران ایک ہزار سے زائد کنکشن کی کوششوں نے طیاروں سے رابطے اور ریڈار نظام کو متاثر کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کے 22 میں سے 17 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز اس تکنیکی مسئلے سے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کسی بھی مرکز کا رابطہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا تھا، تاہم فضائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملک گیر سطح پر پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب ایل تھری ہیرس کمپنی نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں ایف اے اے کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔

امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی تکنیکی خرابی سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔

Leave a reply