
اسلام آباد: پاکستان آج اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور علاقائی تعاون کو وسعت دینے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ افغانستان کے وزیر خارجہ کو اس اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔
اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مختلف ممالک کے نمائندوں اور وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو پاکستان پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد بھی متوقع ہے۔ وسطی ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔
کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے، جبکہ ترکیے کی جانب سے نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران علاقائی تجارت میں اضافے، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، وسطی ایشیا کو عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی دینے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اور شریک ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے مہمان وفود کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس خطے میں اقتصادی شراکت داری، تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی رابطوں کو وسعت دینے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔









