سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 نافذ، بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ

0
13
سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 نافذ، بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بنیادی تنخواہوں، سالانہ انکریمنٹس اور مختلف الاؤنسز میں اضافہ نافذ العمل ہو گیا ہے۔ نئے پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سابقہ پے اسکیلز 2022 کی جگہ اب پے اسکیلز 2026 نافذ کر دیے گئے ہیں۔ گریڈ 1 کے ملازمین کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13,550 روپے سے بڑھا کر 16,280 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سالانہ انکریمنٹ 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 16 کی بنیادی تنخواہ 33,720 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ حد 115,320 روپے ہوگی۔ گریڈ 17 کے افسران کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 54,140 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گریڈ 22 کے افسران کے لیے بنیادی تنخواہ 146,770 روپے سے شروع ہو کر 293,350 روپے تک جائے گی۔
حکومت نے نئے پے اسکیلز پر عمل درآمد کے دوران پیدا ہونے والے ممکنہ مسائل اور ابہامات کے حل کے لیے ایک اینوملی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
مزید برآں، گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی ہے، جس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
وفاقی حکومت نے گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ بھی منظور کیا ہے۔ نئی شرحوں کے مطابق گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کو ماہانہ 2,678 روپے، گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کو 2,898 روپے، جبکہ گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کو 4,284 روپے کنوینس الاؤنس دیا جائے گا۔ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کا ماہانہ کنوینس الاؤنس 5,000 روپے سے بڑھا کر 7,500 روپے کر دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق نئی تنخواہوں اور کنوینس الاؤنس کی تمام ترمیم شدہ شرحیں یکم جولائی 2026 سے مؤثر تصور کی جائیں گی۔

Leave a reply