
ہاٹ لائن نیوز : لاہور ہائیکورٹ میں بشری بی بی کی درج مقدمات اور تحقیقات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی.
گزشتہ روز سماعت پر نیب اینٹی کرپشن،ایف آئی اے اور پولیس نے رپورٹس جمع کروائیں.رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن میں ایک اور نیب میں دو مقدمات درج ہیں ، عدالت نے درخواست پر سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔
عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ پیش نہ ہوئے ، نیب رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کے خلاف توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیسز ہیں،جبکہ اینٹی کرپشن میں بشری بی بی کے خلاف ایک انکوائری چل رہی ہے،پولیس رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس میں بشری بی بی کے خلاف کوئی کیس نہیں ، ایف آئی اے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی.بشری بی بی نے درج مقدمات کی تفصیلات لینے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے.
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق چیرمین پی ٹی آئی کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے بعد مقدمات درج کیے جارہے ہیں ، میرے خلاف درج مقدمات اور زیر انکوائریز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت تمام مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے ۔









