ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں کا اعتراف، تہلکہ خیز دعووں نے ہلچل مچا دی

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ امان کی مبینہ اشتعال انگیز ویڈیو منظرعام پر آگئی
ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں کا اعتراف، تہلکہ خیز دعووں نے ہلچل مچا دی۔
ذرائع کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ امان کی ایک مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ آزاد کشمیر کے علاقے بلوچ (بیٹھک) میں سیکیورٹی فورسز پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں امان سے منسوب بیانات میں کہا گیا ہے کہ بلوچ (بیٹھک) میں کیے گئے اقدامات کو دوبارہ دہرایا جا سکتا ہے، جبکہ مطالبات منوانے کے لیے سخت مؤقف اختیار کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا۔
حکام کے مطابق کالعدم تنظیم کی جانب سے اشتعال انگیز بیانیے، گمراہ کن پروپیگنڈے اور پرتشدد سرگرمیوں کو ہوا دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ منظم انداز میں ریاست مخالف بیانیہ پھیلانا اور مسلح گروہوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی امن و امان کے لیے سنگین چیلنج بن سکتی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، تشدد میں ملوث عناصر اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔









