خیبرپختونخوا پولیس کا شہدا پیکج بڑھانے کا مطالبہ، سمری محکمہ داخلہ کو ارسال

0
6
خیبرپختونخوا پولیس کا شہدا پیکج بڑھانے کا مطالبہ، سمری محکمہ داخلہ کو ارسال

خیبرپختونخوا پولیس نے صوبائی حکومت سے شہدا پیکج میں نمایاں اضافے کی سفارش کردی ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ کو سمری ارسال کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ موجودہ شہدا اور زخمی اہلکاروں کے مالی پیکجز دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں، جس کے باعث اہلکاروں کے مورال پر اثر پڑ رہا ہے۔ اس لیے پیکج میں بہتری ناگزیر ہے۔

تجویز کردہ منصوبے کے مطابق انسپکٹر رینک تک کے شہید اہلکاروں کے لیے مالی امداد بڑھا کر ایک کروڑ دس لاکھ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کانسٹیبل کے ورثا کو 5 مرلے اور انسپکٹر کے ورثا کو 7 مرلے کا پلاٹ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

اسی طرح ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کے لیے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے معاوضہ اور ان کے اہل خانہ کے لیے 10 مرلے پلاٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہید اہلکار کی ہر بیٹی کی شادی پر 8 لاکھ روپے بطور مالی معاونت دیے جائیں۔ اس کے علاوہ دہشتگردی یا ڈیوٹی کے دوران نقصان پہنچنے والے گھر، گاڑی یا دیگر اثاثوں کا ازالہ بھی ریاستی سطح پر کیا جائے۔

مزید یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ کسی واقعے میں شہید یا زخمی ہونے والے اہلکار کے ساتھ موجود قریبی رشتہ دار کو بھی معاوضہ دیا جائے، جبکہ اہلکار کے اہل خانہ کی مالی مدد کے لیے اہلیہ اور بچوں کو 50 لاکھ اور والدین و بہن بھائی کو 30 لاکھ روپے دینے کی سفارش شامل ہے۔

گریڈ 18 سے 22 تک کے اعلیٰ افسران کے لیے شہدا پیکج 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کرنے اور ان کے ورثا کو ایک کنال کا رہائشی پلاٹ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہدا کے خاندانوں کی بہتر کفالت اور فورس کے اندر احساسِ تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

Leave a reply