
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع ملنے پر کیا گیا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے مشتبہ دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا تو ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ شروع کردی گئی، جس کے جواب میں اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس کانسٹیبل نور اللہ شہید ہوگئے، جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا گیا تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں اور ان کے ممکنہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا جاسکے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کیلئے انعام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔









