
اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا، مجموعی اخراجات 139 ارب روپے سے تجاوز کر گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال 1 لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے سرکاری حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کی، جبکہ مجموعی اخراجات 139 ارب 16 کروڑ روپے رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روزہ طویل حج پروگرام کا انتخاب کیا، جو کل حاجیوں کا 65.2 فیصد بنتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت فی حاجی اوسطاً 11 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہوئے۔
اسی طرح 41 ہزار 467 افراد نے 20 سے 22 روزہ مختصر حج پروگرام اختیار کیا، جو مجموعی حاجیوں کا 34.8 فیصد ہے۔ اس پروگرام میں فی کس خرچ تقریباً 12 لاکھ روپے رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سال سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 ہزار 114 خواتین نے حج ادا کیا، جن کا حصہ 43.5 فیصد رہا، جبکہ 65 ہزار 182 مردوں نے حج کی سعادت حاصل کی، جو مجموعی کوٹے کا 56.5 فیصد بنتا ہے۔








