
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی آزاد کشمیر قیادت کا اہم اجلاس آج شام اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی پیش رفت اور عوامی ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں اور اجلاس کے دوران مستقبل کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا تھا۔ دوسری جانب مذکورہ کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، جس کے باعث سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آئندہ چند روز میں ہونے والی پیش رفت آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر اہم اثرات مرتب کر سکتی ہے۔









