جنوبی لبنان میں تازہ اسرائیلی فضائی حملے، 14 افراد ہلاک، متعدد زخمی

جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود کشیدگی برقرار ہے، جہاں اتوار کے روز ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 37 سے زائد زخمی ہوئے۔
لبنان کی وزارت صحت اور سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جن میں یارون اور بنت جبیل کے درمیان رہائشی علاقے اور بنیادی انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ کئی مقامات پر گھروں اور عمارتوں کی تباہی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
صیدا ضلع کے علاقے برج قلاویہ پر حملہ کیا گیا، جبکہ منصوری اور بیت الصیاد میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ نبطیہ کے علاقے کفر تبنیت کو بھی فضائی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ارنون اور علی الطاہر کے جنگلاتی علاقوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
اسی ضلع کے زوطر الشرقیہ میں حملوں کے دوران ایک مسجد اور ایک مذہبی اجتماع ہال کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
بنت جبیل کے اطراف بھی متعدد فضائی حملے رپورٹ ہوئے جن میں رہائشی علاقوں اور دیہات کو نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں سرحدی کشیدگی کے بعد خطے میں حالات مزید خراب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی ہے۔ اگرچہ جنگ بندی اور اس میں توسیع کے اعلانات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم زمینی صورتحال میں تشدد کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔








