جعلی قومی اسمبلی افسر گرفتار، ایف آئی اے کی کارروائی

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جو خود کو ادارے کا افسر ظاہر کر کے مختلف مراعات حاصل کر رہا تھا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق گھوٹکی کے رہائشی عبدالواجد نامی شخص نے خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں گریڈ 17 کا افسر ظاہر کیا ہوا تھا۔ اس کے پاس مبینہ طور پر ایک جعلی تقرر نامہ بھی موجود تھا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی کے جعلی دستخط شامل تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم غیر قانونی طور پر سرکاری پروٹوکول اور مراعات بھی استعمال کرتا رہا۔ معاملہ سوشل میڈیا اور عوامی شکایات کے ذریعے سامنے آنے کے بعد فوری تحقیقات شروع کی گئیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق مذکورہ شخص کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی کسی قسم کی سرکاری تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔









