
بلوچستان کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ پر جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمۂ تعلیم بلوچستان نے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کسی بھی استاد یا تعلیمی ادارے کی جانب سے طلبہ پر جسمانی تشدد یا سزا دینے کی صورت میں متعلقہ افراد اور اداروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمۂ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ طلبہ پر تشدد کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض اسکولوں میں جسمانی سزا کے واقعات سامنے آئے تھے، جو بچوں کے بنیادی حقوق اور تعلیمی ماحول کے اصولوں کے منافی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کے لیے محفوظ، باعزت اور مثبت ماحول کو یقینی بنائیں۔
محکمۂ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا مقصد بچوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی ذہنی و جسمانی صحت کا خیال رکھنا اور تعلیمی اداروں میں بہتر اور اصلاحی نظام کو فروغ دینا ہے۔








