ایران کا دوٹوک مؤقف، افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل نہیں ہوگا

0
0
ایران کا دوٹوک مؤقف، افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل نہیں ہوگا

ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کا افزودہ یورینیم کسی صورت ملک سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا، جبکہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تہران نے اپنی شرائط کی منظوری کو ضروری قرار دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں کہا کہ افزودہ نیوکلیئر مواد ایران کا قومی اثاثہ ہے اور اسے ملک کے اندر ہی استعمال کیا جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ دورۂ تہران کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، محسن رضائی اور پارلیمانی اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقاتیں کیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باقر قالیباف نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے ایران کے مطالبات تسلیم کرنا ضروری ہے۔ ان مطالبات میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنا، تیل کی برآمدات پر پابندیاں اٹھانا اور خطے میں جنگی کارروائیاں روکنا شامل ہیں۔

ایران کا کہنا ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتا، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

Leave a reply