اپنی موت کی جعلی خبر پر اعظم خان کا دلچسپ ردعمل

0
14
اپنی موت کی جعلی خبر پر اعظم خان کا دلچسپ ردعمل

پاکستانی کرکٹر اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر پر منفرد اور طنزیہ انداز میں ردعمل دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں اعظم خان اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود ہیں، جہاں وہ اپنی موت کی جھوٹی خبر سنتے ہیں اور اس پر ہنستے ہوئے نظر آتے ہیں۔

اعظم خان نے طنزیہ انداز میں کہا، “اچھا کھلاڑی تھا بیچارہ، ایک دن پاکستان کے لیے کھیلنے والا تھا۔”

ان کے اس دلچسپ ردعمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔

معروف شخصیات کے انتقال سے متعلق جعلی خبریں ماضی میں بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد، جعلی ویڈیوز اور ایڈیٹ شدہ کلپس کے باعث صارفین کے لیے درست اور غلط معلومات میں فرق کرنا بعض اوقات مشکل ہو جاتا ہے۔

اعظم خان نے آخری مرتبہ جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ پاکستان کے لیے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

قومی ٹیم سے باہر رہنے کے دوران اعظم خان ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں سرگرم رہے۔ 2026 کے پی ایس ایل سیزن میں انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کی، جبکہ ٹیم نے انہیں آئندہ سیزن کے لیے بھی اپنے اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔

یاد رہے کہ اعظم خان سابق پاکستانی کرکٹر معین خان کے صاحبزادے ہیں اور وکٹ کیپنگ کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔

Leave a reply