
کراچی: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 41.58 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 8.5 فیصد زیادہ ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 میں ترسیلات زر مئی کے ریکارڈ 4.25 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 77 کروڑ ڈالر کم رہیں، تاہم مجموعی مالی سال میں ترسیلات کی کارکردگی مثبت رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں ماہانہ اوسط ترسیلات زر 3.46 ارب ڈالر رہیں۔ سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے تقریباً 9.75 ارب ڈالر موصول ہوئیں، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 8.80 ارب ڈالر، برطانیہ سے 6.32 ارب ڈالر، یورپی یونین سے 5.22 ارب ڈالر، دیگر خلیجی ممالک سے 3.93 ارب ڈالر اور امریکا سے 3.62 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال کے دوران ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے وطن کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملک سے مضبوط تعلق اور اعتماد کا اظہار ہیں۔









