انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ سے پہلے پاکستان اسکواڈ میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ

0
11
انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ سے پہلے پاکستان اسکواڈ میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ

لاہور: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق تیسرے ٹیسٹ سے قبل 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اسکواڈ سے ریلیز ہونے والے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

نئے اسکواڈ میں صائم ایوب اور عبداللہ فضل سمیت متعدد نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ممکنہ طور پر اپنا ڈیبیو کریں گے۔ ان میں عرفات منہاس، عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران اور رضا اللہ شامل ہیں۔

پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے سرفراز احمد اور عمر گل کو ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داریوں سے الگ کر دیا ہے۔ ان کی جگہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

دوسری جانب امام الحق کی انجری بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوپنر نے لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بیٹنگ نہیں کی، تاہم انہیں پریکٹس کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد ان کی انجری سے متعلق سوالات اٹھے ہیں۔ پی سی بی نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

بورڈ کے مطابق بابر اعظم تیسرے ٹیسٹ میں بھی قومی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔

تبدیلیوں کے بعد پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں عبداللہ فضل، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، عمران جونیئر، غازی غوری، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔ انگلینڈ پہلے ہی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیت کر 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے۔

لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دی، جبکہ لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

Leave a reply