
گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں مختلف سیاسی رہنما اور سرکاری شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوام نے حالیہ انتخابات میں ان کی جماعت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اہم ذمہ داری سونپی ہے، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی شرکت نے انتخابی عمل کو مضبوط بنایا۔
انہوں نے اپنی جماعت کی قیادت سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات سے مالا مال خطہ ہے۔ حکومت زمینی اور ہوائی سفری سہولیات کو بہتر بنانے، مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور گلگت بلتستان کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔









